نئے کاروباری ہفتے کا مایوس کن آغاز‘ سٹاک مارکیٹ میں مندا‘ سرمایہ کاری میں 22 ارب روپے سے زائد کمی

17 فروری 2015

کراچی + لاہور (کامرس رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج (کے ایس ای) میں مندی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 146.76 پوائنٹس کی کمی سے 33796.44 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتہ کے آغاز پر پیر کو کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای 100 انڈیکس 146.76 پوائنٹس کی کمی سے 33796.44 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 76.48 پوائنٹس کی مندی سے 21919.78 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 361 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا ۔ مجموعی طور پر 17 کروڑ 70 لاکھ 63 ہزار 990 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 9 ارب 99 کروڑ 83 لاکھ 72 ہزار 327 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپٹل 77 کھرب 29 ارب 60 کروڑ 2 لاکھ 62 ہزار 602 روپے سے کم ہو کر 77 کھرب 7 ارب 24 کروڑ 47 لاکھ 62 ہزار 221 روپے رہ گیا۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز مندی کا رجحان رہا۔ مجموعی طور پر 96 کمپنیوں کے حصص میں کاروبارہوا۔9کمپنیوں کے حصص میں اضافہ 15 کمپنیوں کے حصص میں کمی۔ جبکہ 72 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 14.04 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 6086.39 پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل 9 لاکھ 70 ہزار 900 حصص کا کاروبار ہو ا۔