عمران کی نااہلی کیلئے درخواست، ہائیکورٹ نے ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دی۔ جسٹس محمود مقبول باجوہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا آئین کے آرٹیکل 62 ڈی ون کے تحت رکن اسمبلی کا باکردار اور پاکباز ہونا لازم ہے۔ عمران خان کے ماضی کا کردار آئین کے متصادم ہے۔ عمران خان ماضی میں نہ صرف غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث رہے بلکہ انہوں نے جھوٹ بھی بولا۔ وہ صادق اور امین کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔ عمران خان کو ہمیشہ کے لئے نااہل قرار دیا جائے اور رجسٹرار آفس کی جانب سے دائر اعتراض بھی مسترد کیا جائے۔