موبائل فون کمپنیوں نے سمز کی تصدیق کیلئے پولیو ورکرز کی خدمات حاصل کر لیں
کراچی ( صباح نیوز)موبائل کنکشنز کی بائیو میٹرک تصدیق کیلیے لیڈی ہیلتھ ورکرز اور پولیو رضاکاروں کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔موبائل فون کمپنی موبی لنک نے سندھ کے چھوٹے شہروں اور دور دراز علاقوں میں پولیو رضاکاروں او رہیلتھ ورکرز کو متحرک کردیا ہے۔ یہ رضاکار پولیو مہم نہ ہونے کی وجہ سے فارغ تھے جنہیں خصوصی تربیت دے کر گھر گھر تصدیق کیلیے استعمال کیا جارہا ہے۔ ابتدائی طور پر ہیلتھ ورکرز کی خدمات سندھ کے چھوٹے شہروں کیلیے لی جارہی ہیں اور پہلے مرحلے میں حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں 15سے 20 لیڈی ہیلتھ ورکرز کو متحرک کیا گیا ہے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تصدیق کیلئے خصوصی وائر لیس ڈیوائسز فراہم کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ پی ٹی اے نے پہلے مرحلے میں تصدیق کیلئے 26 فروری تک کی مہلت دی ہے جس کے بعد یہ سمیں بند کردی جائیں گی۔ پی ٹی اے کے جاری کردہ ایس او پی کے مطابق موبائل فون کمپنیاں دور دراز علاقوں میں متحرک ٹیموں کے ذریعے بھی بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کرسکتی ہیں۔