کراچی: پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت 6 قتل، 2 ڈاکو، ٹارگٹ کلر ہلاک

17 فروری 2015

کراچی (کرائم رپورٹر+ نیوز ڈیسک) کراچی میں پیر کے روز مختلف واقعات میں خاتون سمیت 6 افراد کو قتل کر دیا گیا جبکہ مقابلوں میں 2 ڈاکو اور ٹارگٹ کلر مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں گذشتہ شام عظیم پورہ قبرستان سے 8 ہاٹ پوٹ ملے جن میں کسی انسان کو بیدردی سے قتل کر کے اسکے اعضا ڈالے گئے تھے۔ پولیس نے ہاٹ پوٹ قبضے میں لیکر شناخت کیلئے پوسٹ مارٹم ہائوس بھجوا دیئے۔ ہاٹ پوٹ ملنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دریں اثناء کورنگی میں ناصر جمپ کے قریب گندے نالے سے 25 نالہ نامعلوم خاتون کا کٹا ہوا سر اور ٹانگیں ملیں جنہیں پولیس نے جناح ہسپتال پہنچا دیا۔ مقتولہ کی شناخت نہ ہو سکی، اسکے دھڑ کی تلاش رات گئے تک جاری رہی۔ ادھر بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹائون میں فائرنگ سے 45 سالہ جان محمد رضویہ کے علاقے علی بستی میں ایک شخص کو قتل کر کے نعشیں پھینک دی گئیں۔ علاوہ ازیں اورنگی ٹائون میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں لوٹ مار کرنیوالے 2 ڈاکو مارے گئے۔ نارتھ ناظم آباد میں مقابلے کے دوران ایک ٹارگٹ کلر ہلاک دوسرا فرار ہو گیا۔ دوسری طرف رات گئے ناظم آباد میں خلافت چوک پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک دوسرا زخمی ہو گیا۔ سپر ہائی وے کے قریب جنجال گوٹھ میں نامعلوم شخص کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ دونوں کی فوری شناخت کا پتہ نہیں چلا۔