وزیراعظم کے دورہ کراچی کی جھلکیاں

17 فروری 2015

O … متحدہ کے وفد سے ملاقات نہ ہو سکی

O …جزائر زرداری کے دوستوں کو دئیے جا رہے ہیں، لیگی کارکن، شکایات کے انبار لگا دئیے
O … پارٹی کے 3ارکان اسمبلی نہیں ملے

کراچی (ایجنسیاں) وزیراعظم نوازشریف کے دورہ کراچی میں مصروفیت کے باعث متحدہ قومی موومنٹ کے وفد سے ملاقات نہیں ہو سکی۔ ٭…وزیراعظم نوازشریف نے یقین دلایا ہے کہ بھارتی جیلوں میں بے گناہ قیدی پاکستانی ماہی گیروں کی رہائی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ پیر کو گورنر ہائوس میں مسلم لیگ(ن) کے وفد سے ملاقات میں ٹھٹھہ سے لیگی رکن سندھ اسمبلی سید اعجاز علی شاہ شیرازی نے وزیراعظم کی توجہ 172 بھارتی ماہی گیروں کی رہائی کی طرف دلائی تھی۔ ٭… مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنمائوں نے صوبائی حکومت کیخلاف شکایات کے انبار لگا دئیے‘ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سندھ میں زمینوں کی بندربانٹ ہو رہی ہے‘ سمندری جزائر زرداری کے دوستوں کو فروخت کئے جا رہے ہیں‘ لیگی کارکنوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں۔ شیرازی برادران نے وزیراعظم سے شکایت کی کہ لیگی کارکنوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے لیگی کارکنوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ تحریری طور پر رپورٹ پیش کریں تو پھر انکوائری کروں گا۔ ٭… ملاقات میں پارٹی کے3 ارکان سندھ اسمبلی موجود نہیں تھے، فنکشنل لیگ کا بھی کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا، ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے3اراکین عرفان اللہ مروت، ارباب غلام رحیم اور لیاقت جتوئی موجود نہیں تھے۔ ٭… ملاقات کرنے والے سندھ کے ارکان صوبائی اسمبلی اس بات کا انتظار کرتے رہے کہ انہیں5 مارچ کو ہونے والے سینٹ کے انتخابات میںکسی جماعت کو ووٹ ڈالنے کے لئے کہا جائے گا، تاہم ایسی کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد لیگی ارکان اسمبلی اپنے ووٹ دینے میں آزاد ہیں۔