نیب خیبر پی کے: ڈبل شاہ ثانی کی ڈیڑھ ارب روپے کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم
پشاور (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو خیبر پی کے نے ڈبل شاہ ثانی کی ایک ارب 50کروڑ روپے کی جائیداد منجمد کرنے کا حکم دیدیا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب خیبر پی کے نے گزشتہ روز مضاربہ اور مشارکہ کے تحت معصوم شہریوں سے کروڑوں روپے لوٹنے والے افضل خالق عرف (ڈبل شاہ ثانی) کی جائیداد مالیتی ایک ارب 50 کروڑ منجمند کرنے کا حکم دیا، جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم ڈبل شاہ نے انکشاف کیا تھا کہ اس کے کاروبار میں شریک ایک شخص نوید اختر کے نام بہاولپور میں تیل کی فیکٹری ہے جو کہ 120کنال اراضی پر واقع ہے جبکہ 31کنال زمین راولپنڈی اور ٹیکسلا میں 57کنال اور 14مرلہ زمین سیالکوٹ جبکہ 795 کنال راجنپور میں ہے اس تمام جائیداد کا تخمینہ ایک ارب 50کروڑ روپے ہے۔ یاد رہے کہ ملزم افضل خالق سنٹرل جیل پشاور میں قید ہے۔