حافظ آباد: نیم پاگل شخص نے پولیو ٹیم انچارج کو حملہ کرکے زخمی کر دیا
حافظ آباد + پنڈی بھٹیاں + سوات (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ آئی این پی) نیم پاگل شخص نے پولیو ٹیم کے انچارج پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتارکرکے جیل بجھوادیا۔تفصیلات کے مطابق پولیو ٹیم یونین کونسل 42کا انچارچ ڈاکٹر اصغرعلی مخدوم محلہ قاضیاں جلالپور کی پولیو ٹیم کو مبینہ طور پر چیک کرنے کیلئے جارہا تھاکہ سبزی منڈی جلالپور کے قریب ایک نیم پاگل شخص ناظم علی سکنہ پنڈی سندرانہ نے ڈاکٹر اصغر علی پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا جس پرپولیس تھانہ جلالپور نے ملزم کو گرفتارکرکے مقدمہ کے اندراج کے بعد اسے جیل بھجوا دیا۔ ایس ایچ او ملک غلام عباس کھچی نے بتایا کہ ملزم کا دماغی توازن گذشتہ دو برس سے درست نہیں اور وہ طرح طرح کی حرکات کرتا ہے۔ پولیس نے اپنی کارروائی مکمل کرکے اسے جیل بھجوادیا ہے۔ دوسری طرف سوات کے علاقے رحیم آباد میں پولیو ٹیم پر ایک شخص نے فائرنگ کردی تاہم رضاکار محفوظ رہے، پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم ارشاد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ واقعہ کے بعد پولیو ٹیموں کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔