کبوتر بازی سے منع کرنے پر کسی مار کر بڑے بھائی کا سر تن سے جدا کر دیا
حافظ آباد( نمائندہ نوائے وقت ) حافظ آباد کے نواحی گائوں کوٹ سید محمد میں کبوتر بازی سے منع کرنے پر چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو قتل کر دیا ۔پولیس تھانہ ونیکے تارڑ نے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔کوٹ سید محمد کے رہائشی فخر عباس کو کبوتر بازی کا شوق تھا اور اس نے اپنے گھر میں کبوتر پال رکھے تھے لیکن اس کا بڑا بھائی ارشاد احمد اکثر اسے کبوتر بازی سے منع کر تا تھا آج دونوں بھائیوں میں اسی بات پر جھگڑا ہوا تو فخر عباس نے کَسی کے وار کر کے اپنے بھائی کو قتل کر دیا۔ملزم نے مقتول پر اتنے وار کیئے کہ اس کا سر تن سے جدا ہو گیا۔پولیس تھانہ ونیکے تارڑ نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جبکہ نعش ضروری کا رر وائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دی گئی۔