گھوٹکی: نجی سکول کے باہر فائرنگ، ایک استاد جاں بحق ، بھگدڑ سے3 خواتین زخمی

17 فروری 2015

گھوٹکی( صباح نیوز+آن لائن)گھوٹکی میں لیڈیز مارکیٹ کے قریب نجی سکول کے باہر فائرنگ کے واقعہ میں نجی سکول کاایک استاد رشید اللہ تعظیم جاںبحق ہو گیا جبکہ فائرنگ کے بعد بھگڈر مچنے سے تین خواتین زخمی ہو گئیں زخمی ہونے والی خواتین کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے خواتین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیامتوفی رشید اللہ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نجی سکول پہنچ گئی۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور فوری طور پر سکول کو بند کردیا گیا۔ فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے روڈ بند کردی جس کے نتیجے میں اہم شاہرائوں اور ٹریفک کی روانی معطل رہی۔ شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فائرنگ کرنے والے ملزموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچادیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تمام شاہرائوں پر ناکے لگاکر ملزموں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ایک ٹیچر کی نعش اور تین زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بعدازاں زخمی خواتین کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔