لاہور: لاکھوں کے ڈاکے، دکاندار زخمی، شہریوں سے مقابلہ، ڈاکو ہلاک، قصور میں مزاحمت پر سیلز مین قتل

17 فروری 2015

لاہور+ قصور+ فیروزوالا (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) لاہور میں لاکھوں کی وارداتیں، مزاحمت پر دکاندار زخمی، شہریوں سے مقابلہ میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ قصور میں سیلز مین کو مزاحمت پر قتل کر دیا۔دو ڈاکوؤں نے گو المنڈی میں فلیمنگ روڈ پر اسد کی دکان میں گھس کر23 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا جبکہ ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر اسد کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ ڈاکوؤں نے غالب مارکیٹ کے علاقہ گلبرگ کے شیراز احمد کے گھرگھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 15لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، فیکٹری ایریا کے علاقہ مین فیروز روڈ پر عمران سے 12 لاکھ روپے کی کار، نقدی اور موبائل فون، اقبال ٹائون نیلم بلاک میں فاروق اور اس کی فیملی سے3 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، سندر کے علاقہ موہلنوال گائوں میں حنیف کی حویلی میں ملازمین کو باندھ کر 4 لاکھ کے مویشی ، شاہدرہ ماچس فیکٹری کے پاس عظیم سے 60 ہزارروپے اور موٹرسائیکل، ماڈل ٹائون سی بلاک مارکیٹ میں اختر سے 20 ہزار روپے اورموبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے نواب ٹائون سے عدنان، جوہر ٹائون سے احمد ندیم، شالیمار سے اختر کی کاریں جبکہ اقبال ٹائون سے ابوبکر، مسلم ٹائون سے کامران،گلشن اقبال سے امداد، سمن آباد سے لاریب، شالیمارسے شفیق،مزنگ سے فقیر، پرانی انارکلی سے ذیشان کی مو ٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ قصور میں مصطفی آباد کے قریب ڈکیتی واردات میں مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک نجی کمپنی کا سیلز مین قتل جاں بحق ہوگیا۔ایک گھی کا سیل مین شیخ ستار احمد گاڑی پر آ رہا تھا ڈاکوئوں نے اسے روکا اور اس سے نقدی رقم لوٹ لی مزاحمت پر فائرنگ کر دی شیخ ستار احمد شدید زخمی ہو گیا جسے قریبی ہسپتال لایا گیا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس تھانہ مصطفی آباد نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ فیروزوالا میں لاہور کینٹ کا جاوید اختر اپنی فیملی کے ہمراہ کار پر نارووال سے لاہور آ رہا تھا جے سنگھ والا کے قریب موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوئوں نے گاڑی روک کر ان سے ایک لاکھ 40 ہزار روپے کی رقم اور تین موبائل چھین لئے۔ شرقپور کے قریب موٹر سائیکل سوار عنصر علی اور اس کی بیوی کو روک کر لوٹ لیا۔ چوروں نے سکول میں گھس کر موٹر پمپ دیگر سامان چوری کرلیا۔ علاوہ ازیں سندر کے علاقہ موہلنوال میں ڈکیتی کی واردات کے دوران اہل علاقہ اور ڈاکوئوں میں فائرنگ تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ سندر کے علاقہ موہلنوال کے علاقہ میں ڈاکوئوں نے رحمت علی کے گھرگھس کر لوٹ مار شروع کر دی تو دوران گھر میں موجود خواتین اور بچوں نے شور مچا دیا جس پر محلے داروں کو خبر ہو گئی جس پرڈاکوؤں نے فرار ہو نے کی کوشش کی تو محلے داروں اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ تبادلہ ہوگیا۔ اہل علاقہ کی طرف سے کی جانے والی شدید فائرنگ کے نتیجہ میں 40 سالہ ڈاکو مختار احمد ہلاک اور ایک ڈاکو علی زخمی ہوگیا جبکہ ان کے دیگر 3 ساتھی ڈاکوفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے زخمی ہونے والے ڈاکو علی رضا کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے رحمت علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔ پولیس نے بتایا ہلاک ہونے والاڈاکو اوکاڑہ کے نواح کا رہائشی تھا اور اس نے شاہ پور کانجراں میں گھر کرائے پر لے رکھا تھا جبکہ زخمی علی رضا کا تعلق مانگٹانوالہ سے ہے اوروہ نین سکھ کے علاقہ میں کرائے کے گھر میں رہ رہا تھا۔