نواب ٹائون کے علاقہ رسول پورہ میں شادی والے گھر سے 9 ماہ کا بچہ اغوا
لاہور (نامہ نگار) نواب ٹاؤن کے علاقہ رسول پورہ میں شادی والے گھر سے 9ماہ کے بچے کو اغوا کر لیا گیا جس سے شادی والے گھر میں کہرام مچ گیا۔ یوحنا آباد کا رہائشی درزی یوسف وزیر گزشتہ روز اپنی بیوی حنا اور 9ماہ کے بچے امن کے ساتھ رسول پورہ گاؤں میں رشتے دار منیر کے بھائی کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آیا ہوا تھا۔ بارات سے واپس آئے تو اس دوران نامعلوم افراد نے اس کے نو ماہ کے بیٹے امن کواغوا کر لیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچے کے والدین، دولہا اوار اس کے اہل خانہ سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد پولیس نے بچے کے والد کی درخواست پر نامعلوم خاتون اور اس کے ساتھیوں کے خلاف اغوا کا مقد مہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے بچے کو بازیاب کرالیا جائے گا۔ شبہ ہے کہ بچے کو شادی بیاہ پر گانا گانے اور مانگنے والی خانہ بدوش خواتین نے اغواء کیا۔