سکول پر حملے کو 2 ماہ ہوگئے، لاہور سمیت کئی شہروں میں دہشت گردی کیخلاف مظاہرے

17 فروری 2015

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور کے آرمی پبلک سکول پر حملے کو دو ماہ ہوگئے۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں سول سوسائٹی نے دہشت گردی کیخلاف مظاہرے کئے نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کیخلاف کراچی، لاہور، اسلام آباد میں سول سوسائٹی نے مظاہرے کئے۔ لاہور میں بارش کے باوجود بڑی تعداد میں مظاہرین آئے۔ شکارپور اور پشاور میں مساجد پر حملے پر بھی احتجاج کیا گیا۔ سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ امن کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ مظاہرین نے سانحہ پشاور کے ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ تین تلوار کراچی میں ہونے والے مظاہرے میں مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی میں ملوث تمام ملزمان کیخلاف کاررووائی کی جائے۔ سول سوسائٹی کے رہنما جبران ناصر کا کہنا تھا کالعدم تنظیموں کو نئے ناموں سے بھی کام کرنے سے روکا جائے۔ اسلام آباد میں سول سوسائٹی کے ارکان نیشنل پریس کلب کے سامنے جمع ہو گئے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے قومی ایکشن پلان پر تیزی سے عمل کیا جائے۔ شرکاء نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے اقدامات سست روی کا شکار ہیں جس سے معاشرے میں مایوسی پھیل رہی ہے لاہور میں سول سوسائٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی چیئرنگ کراس کے سامنے اکٹھے ہوئے۔ مظاہرین نے مطالبہ کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی تفصیلات سامنے لائے اور دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کرے احتجاج کے دوران تیز بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔ تاہم مظاہرین دو گھنٹے تک احتجاج کے بعد پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔