نویں جماعت کے طالبعلم کا قتل، ورثا کا ائیر پورٹ روڈ پر مظاہرہ

17 فروری 2015

لاہور (نامہ نگار )کینٹ کے علاقہ عسکری ٹین میں چند روز قبل نویں جما عت کے طالبعلم مر تضی حیدرکو قتل کرنے والے ملزمان کوگرفتارنہ کرنے پر مقتول کے لو ا حقین اوراہل علاقہ نے ائیر پورٹ روڈ بلاک کر شدید احتجاج کیا ۔ کینٹ کے علاقہ عسکری ٹین میں چند روز قبل نویں جما عت طالبعلم مرتضیٰ حیدر کو تین نوجوانوںنے معمولی تلح کلامی پر سرمیں لوہے کا راڈ مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ۔ لواحقین کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس لینے کے باوجود پولیس ملزموں کو گرفتار کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے۔ علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا نے لاہور کے علاقے عسکری 10میں 16سالہ بچے کی ہلاکت کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)امین وینس کو خود مقتول کی رہائش گاہ جانے کی ہدایات کی جس پرسی سی پی او، ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم اور ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک چند روز قبل لڑائی جھگڑے کے دوران قتل کیے گئے لڑکے مرتضیٰ کے گھر عسکری 10گئے۔ اس موقع پر سی سی پی او نے مقتول کے ورثاء کو انصاف کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام ملزموں کو شامل تفتیش کر لیا گیا ہے اور ان کی تفتیش کی روشنی میںجن ملزمان کے نام ایف آئی آر میں نہیں آئے ان کو بھی حراست میں لیا جا رہا ہے۔