وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شیری رحمان نے کہا ہے کہ مالاکنڈ رعی نظام عدل ریگولیشن پر صدر زرداری اس وقت تک دستخط نہیں کریں گے، جب تک علاقے میں مکمل امن قائم نہیں ہوجاتا۔
اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ایران، افغانستان اورپاکستان کی مشترکہ تصویری نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کا موقف ہے کہ مالاکنڈ اور سوات میں مذاکرات کو آپریشن سے زیادہ ترجیح دی جائے گی ۔ تاہم وہاں پرفوج موجود رہے گی تاکہ عوام عدم تحفظ کا شکار نہ ہوں، شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے ہرشہری کو انصاف فراہم ہوگا اور جلد ہی مالاکنڈ میں قاضی کورٹس کے تحت ہائیکورٹ بینچ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے، فوج اور آئی ایس آئی کے کمزورہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ محض مفروضوں پرمبنی باتیں ہیں۔