انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز کو سخت مشکل میں ڈال دیا ہے، جس کو فالو آن بچانے کے لئے مزید تین سو گیارہ رنز درکار ہیں اور اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔
انٹیگا میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز پانچ سو چھیاسٹھ رنز نو کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کردی۔ کپتان اینڈریو سٹرائوس کے بعد مڈل آرڈر بلے باز پال کولنگ ووڈ نے بھی سنچری سکور کی، انہوں نے ایک سو تیرہ رنز بنائے، سابق کپتان پیٹرسن بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے لیکن اینڈریو فلنٹوف بغیر کوئی سکور بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔ فیڈل ایڈورڈز، جیروم ٹیلر اور ریان ہائنڈز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا آغاز بھی کافی محتاط رہا لیکن کپتان کرس گیل پینتالیس رنز کے مجموعی سکور پر تیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کو سٹیو ہارمیسن نے آئوٹ کیا۔ دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر پچپن رنز بنا لئے تھے۔