آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نمبرون ٹیسٹ رینکنگ بچانے اور ٹاپ ون ڈے رینکنگ پر دوبارہ قبضے کا عزم لے کر ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے جنوبی افریقہ پہنچ گئی۔
جوہانسبرگ پہنچنے پر آسٹریلوی ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم اپنی نمبرون ٹیسٹ رینکنگ برقرار رکھنے کے لئے پر عزم ہے۔ اپنی نمبرون پوزیشن بچانے کے لئے ان پر اتنا دبائو نہیں ہے جتنا کہ میزبان ٹیم پر نمبرون بننے کے لئے ہے۔ اس لئے میزبان ٹیم دبائو میں کھیلے گی اور ہم اس کا پورا فائدہ اٹھائیں گے۔ گزشتہ ایک سال میں ہماری کارکردگی میں تسلسل نہیں رہا جو پریشان کن ہے لیکن ہماری ٹیم اب بھی دنیا کی بہترین ٹیم ہے اور ہم یہ ثابت کردیں گے۔ انہوں نے جنوبی افریقن ٹیم کو ایک ٹف ٹیم قرار دیا۔ دوسری جانب جنوبی افریقن کپتان گریم سمتھ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم فیورٹ ہے اور وہ یہ بات ثابت بھی کر دے گی۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ چھبیس فروری سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، جبکہ پہلا ون ڈے میچ تین اپریل کو ہوگا۔