لاہور (خبرنگار خصوصی+ وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر علی احمد کرد نے کہا ہے کہ وکلاء قیادت مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے ان کی جنرل کونسل کے اجلاس سے قبل ملاقات کرے گی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ نواز شریف اور ان کی جماعت مسلم لیگ (ن) اپنے اصولی مؤقف پر گامزن رہتے ہوئے لانگ مارچ کے ساتھ دھرنا میں بھی بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں علی احمد کرد‘ حافظ عبدالرحمن انصاری‘ انور کمال‘ رانا اسد اللہ خان اور رانا ضیاء عبدالرحمن نے لانگ مارچ اور دھرنے کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف‘ جماعت اسلامی‘ جمعیت علماء پاکستان‘ سول سوسائٹی‘ ڈاکٹرز اور تاجروں سمیت دیگر تنظیموں و سیاسی جماعتوں کی طرف سے لانگ مارچ اور دھرنے میں شرکت کا اعلان کیا جاچکا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے بھی لانگ مارچ اور دھرنے کی شرکت کرنے کی توقع ہے۔ علی احمد کرد نے کہا کہ آزاد عدلیہ اور جرأت مند جج صرف وکلاء کی نہیں پوری قوم کی ضرورت ہیں اور ہم سیاسی جماعتوں کے کاز کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں اور ہمیں نوازشریف سے بھی بہت سی توقعات ہیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) پر جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے اعلان کے بعد دھرنا میں شرکت کیلئے دبائو بڑھ گیا ہے۔ علاوہ ازیں وکلاء رہنمائوں نے کہا کہ وکلاء کا ایک وفد جلد ہی میاں نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کرکے انہیں اعتماد میں لے گا اور شرکت کی باقاعدہ دعوت دی جائے گی۔ توقع ہے کہ لانگ مارچ میں 10 لاکھ کے قریب لوگ شامل ہوں گے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38