قومی ٹیم کے فاسٹ بالر عثمان خان شنواری بیماری کے باعث ہسپتال پہنچ گئے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے ذرائع کے مطابق لیفٹ آرم پیسر کو بخار اور انفیکشن کے باعث کراچی کے مقامی ہسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے، بیمار ی کے باعث پیسر کی جمعرات سے سر ی لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی شرکت مشکوک نظر آرہی ہے ۔دوسری جانب نیشنل سٹیڈیم میں 10سال قبل طویل فارمیٹ کا آخری میچ کھیلنے والے آئی لینڈرز ہی نئے دور کے آغاز کا پیغام لیے پہنچ گئے۔راولپنڈی میں سری لنکا سے بارش زدہ میچ کےساتھ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا سفر شروع ہوچکا، اب اگلا قدم ساحلی شہر کراچی میں سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کا انعقاد ہے، نیشنل سٹیڈیم میں آخری ٹیسٹ بھی آئی لینڈرز نے ہی فروری 2009میں کھیلا تھا،بعد ازاں لاہور میں قذافی سٹیڈیم جاتے ہوئے سری لنکن ٹیم کی بس پر حملہ ہوا اور پاکستان میں کھیلوں کے میدان انٹرنیشنل مقابلوں کو ترسنے لگے۔کراچی میں اس وقت منعقدہ میچ ڈرا ہوا تھا،سری لنکا نے کپتان جے وردنے(240) اورتھلان سمارا ویرا(231) کی مدد سے 7 وکٹ پر 644رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی، جواب میں پاکستانی ٹیم نے6وکٹیں گنواکر 765رنز کا انبار لگانے کے بعد اننگز ڈیکلیئرڈ کی،اس میں کپتان یونس خان کے 313اور کامران اکمل کے ناقابل شکست158رنز شامل تھے،سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں 5وکٹ پر 144رنز بنائے تھے کہ میچ کا وقت ختم ہوگیا، 10سال بعد نیشنل سٹیڈیم ایک بار پھر آئی لینڈرز کی ہی میزبانی کررہا ہے۔اس یادگار میچ کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، وینیو کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم ہے، شائقین بھی کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے بےتاب ہیں۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024