بے نظیر بھٹو شہید کی 11ویں برسی شایان شان انداز میں نظریاتی عقیدت واحترام سے بھر پور انداز میں منانے کی تیاریوں کا آغاز
پی پی پی آزاد کشمیر نے پارٹی قائد سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 11ویں برسی شایان شان انداز میں نظریاتی عقیدت واحترام سے بھر پور انداز میں منانے کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے بیس سے 27دسمبر تک پروقار تقریبات کا اعلان کر دیا۔اس دوران سیمینار،مذاکرے مشاعرے،تقریری مقابلے منعقد کئے جائیں گے جبکہ ملک گیر نظریاتی عوامی اجتماع گڑھی خدا بخش شہداء کے مزارات پر ہو گا جس سے پارٹی کے جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کر کے ملک وقوم رہنمائی کریں گے.پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر نے کہا کہ 16دسمبر 1971سے لے کر قائد ملت لیاقت علی خان ,قائد انقلاب محترمہ بے نظیر بھٹو اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل منظم عالمی صامراجی سازشیں تھیں جن کا مقصد پاکستان کو کمزور کر کے اسلام کو بدنام کرنا تھا اور اسی تسلسل میں خود کش دھماکوں کے ذریعے خون ریزی،قتل عام،فرقہ واریت،صوبائی تعصب کو ہوا دے کر لسانی جھگڑوں کے فیصلوں میں انسانیت کو بے رحمی سے بھم کیا گیا ۔غیر ملکی قوتوں نے پاکستان میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے عدم استحکام کا کھیل رچایا اور دہشت،وحشت کا ماحول پیدا کر کے سبز ہلالی پرچم اتارنے کی مکروہ مہم شروع کی جس کے بعد قائد انقلاب محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جلا وطنی ختم کر کے وطن واپس آکر ایک بار پھر قوم کو اکھٹا کیا اور ملک دشمن دہشت گردوں کے خلاف ہر اول دستے کے طور پر تیار کیا۔شوکت جاوید نے کہا کہ عالمی سامراجی قوتوں نے کبھی بھی پاکستان کے وجود کو نہ تو تسلیم کیا اور نہ ہی دو قوم نظریہ ان کی حلق سے نیچے اترا۔شوکت جاوید نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت دراصل پاکستان پر حملہ تھا جس کو بہادر افواج پاکستان اور بائیس کروڑ پاکستانی کشمیری عوام نے جانوں کا نذارانہ دے کر ناکام بنایا اس وقت بھی بلاول بھٹو واحد قومی جواں سال عالمی شہرت یافتہ مدبر لیڈر ہیں جو پاکستان کو اندرونی بیرونی سازشوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 20سے 27 تک کی تقریبات میں پارٹی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں،صحافیوں،دانشوروں، وکلاء، تاجر، طلباء تنظیموں کو مدعو کریں گے تاکہ دہشت گردی کے خلاف قوم ایک آواز ہو سکے اور مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ قابض افواج کی بدترین دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں کے بلاجواز قتل عام انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں،لائن آف کنٹرول پر گولہ باری سے انسانیت کی تباہی سے دینا بھر کو قومی یکجہتی سے آگاہ کریں گے۔