راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں تعینات مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ نے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) طارق نیازی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر انتقامی کارروائی کا الزام لگاتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔
ستمبر2017 سے راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں میڈیکل آفیسر کے عہدے پر تعینات ڈاکٹر اریبہ نے اپنے تحریری استعفے میں ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی پر انتقامی کارروائی کا الزام لگایا۔
ڈاکٹر اریبہ نے کہا کہ ایم ایس کے پی ٹی آئی سے قریبی تعلقات ہیں اور ان سے دشمنی کی وجہ لیگی رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ہونا ہے۔ لہذا وہ ان حالات میں ایم ایس ڈاکٹر نیازی کی نگرانی میں مزید کام نہیں کرسکتیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر اریبہ عباسی کا رواں ماہ 4 دسمبر کو اسکن ڈپارٹمنٹ سے ایمرجنسی میں تبادلہ کیا گیا تھا۔