لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر کم کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، معیشت کو بہتر بنانے کی لئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔
لاہور کے ایکسپو سنٹر میں پاکستان فرنیچر کونسل کی تین روزہ نمائش کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر کی صنعت میں مہارت کی کمی نہیں۔اس میں کمائی کے مواقع بھی زیادہ ہیں۔ لیکن ایکسپورٹ میں فرنیچر انڈسٹری ابھی بہت پیچھے ہے۔ فرنیچر کی صنعت کو ترقی دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر کم ہو تو قرضہ جات کا بوجھ بھی بڑھ جاتا ہے۔ لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ جس انڈسٹری کا خام مال امپورٹ ہوتا ہے۔ اس میں نفع کم ہوتا ہے تاہم لوکل پیداوار بڑھانے سے صنعت بہتر ہو گی ۔جس سے روزگار بھی بڑھے گا اور روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہو گا۔
عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ عوام کو نوکریاں ایک ماہ میں نہیں دی جا سکتیں۔ 5 سال کے دورِ اقتدار میں بہت سی نوکریاں دے کر جائیں گے۔