اے پی ایس پشاور کے بہادر بچوں کی عظیم قربانی کبھی فراموش نہیںکی جاسکتی ، بریگیڈیر شہزاد تنویر
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈئیر شہزاد تنویر نے کہا ہے کہ اے پی ایس پشاور کے بہادر بچوں نے دہشت گردی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر ملک و قوم کا مستقبل محفو ظ کرنے کے لئے جس طرح اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا پاکستان کے عوام اسے کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے انہوںنے یہ بات راولپنڈی آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں کمیونٹی ویلفیئر انیشیٹوز(سی ڈبلیو آئی) کے زیراہتمام سانحہ آرمی پبلک سکول کی یاد میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں شیخ راشد شفیق، چیئرمین راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی محمد عارف عباسی، چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود، اے پی ایس پشاور کے طالب علم عبداللہ ،اعلی فوجی و سول حکام سول سوسائٹی کے نمائندوں، والدین طلباء و طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ شیخ راشد شفیق نے تقریب سے کرتے ہوئے کہاکہ 16 دسمبر اے پی ایس پشاور کے بچوں کی قربانیوں کی وجہ سے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوںنے کہاکہ ہم دکھی ضرور ہیں لیکن اے پی ایس کے بچوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں کمیونٹی ویلفیئر انیشیٹوز کی سربراہ یاسمین فاروقی نے کہا کہ 16 دسمبر کو دہشت گردوں نے پاکستان کے دل پر حملہ کیا جس نے پوری قوم کو خون کے آنسو رولایا اور اس جنگ میں ہمارے بچوں نے جام شہادت نوش کرکے عظیم قربانی کی داستان رقم کی ۔طاہر ظہیر اور محمد احمد نے بتایا کہ اپنی مدد آپ ٹیم وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق سوشل سیکٹر میں اصلاحات کے قومی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے تقریب کے انعقاد میں تعاون پر چیئرمین آرڈی اے محمد عارف عباسی اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔