اے پی ایس پشاور کے شہداء نے جانوں کا نذرانہ دے کر نئی تاریخ رقم کی ،وجیہہ اکرم
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ اکرم نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول(اے پی ایس ) پشاور کے شہداء نے آج سے چار سال قبل اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدائ،زخمیوں، ان کے والدین او رپسماندگان کے جذبہ حب الوطنی اور حوصلے کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے چار سال مکمل ہونے کے موقع پر شہدائے اے پی ایس کو خراج عقیدت اور زخمی ہونے والے بچوں اور ان کے والدین کے لازوال جذبے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیئے راولپنڈی آرٹس کونسل, ویلنیس لائونج اور النعمت فائونڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل چوہدری شہباز , شکیل چوہان , ڈاکٹر عامرحنیف , بریگیڈئر (ر) آغا علی حسن , ڈاکٹر احمد , بیگم ناہید منظور, ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد , ماسٹر ایوب , راولپنڈی کے مختلف سکولوں میں زیر تعلیم بچوں , بچیوں ,اساتذہ اور سول سوسائٹی کے اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے بریگیڈیئر (ر) آغا علی حسن , ڈاکٹر عامر حنیف و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے پس منظر میں ترتیب دیا گیا ڈرامہ ـ" خاک نشیمن" بھی پیش کیا گیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ قبل ازیں سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی یاد میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری و جیہہ اکرم , ڈاکٹر جمال ناصر , چوہدری شہباز , شکیل چوہان , اور سول سوسائٹی کے اراکین کی قیادت میں ایک واک کا اہتمام کیا گیا۔