افغانستان: فضائی حملہ، جھڑپیں، بم پھٹنے کے واقعات میں 16 اہلکار، 24 طالبان ہلاک، متعدد زخمی
کابل(سِنہوا+نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں مختلف واقعات میں 16 پولیس اہلکار اور 24 طالبان مارے گئے۔ افغان صوبہ قندھار میں طالبان نے افغان فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا افغان حکام کے مطابق طالبان کے حملوں میں 16 افغان پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ افغان فورسز کی جوابی کارروائی میں 12 طالبان بھی مارے گئے۔ صوبہ ہلمند میں بھی افغان اتحادی فورسز نے فضائی حملہ کرکے تین طالبان ہلاک ایک زخمی ہو گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں سربراہ طالبان ملٹری کمشن حاجی برکت اور اس کے دو ساتھی شامل ہیں۔ صوبہ ہرات میں امریکی ڈرون حملہ میں چار عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔ ترجمان گورنر ہرات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں طالبان کا اہم کمانڈرملا غلام سخی بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں 5طالبان ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے طالبان صوبے کے دارالحکومت قالت میں سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ وہ اچانک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5طالبان موقع پر ہی ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے۔ صوبائی پولیس سربراہ محمد مصطفیٰ نے بتایا طالبان بارودی سرنگیں اور بم تیار کر رہے تھے تاکہ سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جائے لیکن وہ تیاری کے دوران ہی بارودی مواد پھٹ گیا۔