مسلم حکمرانوں سیرت طیبہ کو مشعل راہ بنائیں:مولانا مفتی محمد حسن
لاہور(خصوصی نامہ نگار) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت یونٹ حفیظ سنٹر گلبرگ کے زیراہتمام ختم نبوت کی اہمیت اور سیرت النبی ؐ کانفرنس میاں محمدکلیم کی صدارت میںہوئی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی مجلس تحفظ ختم نبوت کی مرکزی شوریٰ کے ممبر اور امیرمولانا مفتی محمد حسن تھے ۔مولانا مفتی محمدحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے ،ہماری تمام ترمشکلات کا حل اسوۂ حسنہ کو اپنانے میں ہے،سیرت طیبہ کی روشنی میں معاشرے کے تمام تر مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے ،مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ سیرت طیبہ کو مشعل راہ بنائیں تاکہ دنیا بھر میں اسلام کا بول بالا ہو اور اسلام مخالف قوتوں کی حوصلہ شکنی ہو۔مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم نے کہا کہ اللہ نے امت محمدیہ کو اجماع امت کی دولت سے نوازا جبکہ پہلی امتوں کو اجماع امت عطانہیں کیا گیا اور امت محمدیہ نے بھی کمال کر دیا سب سے پہلا اجماع عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ پر کیا ، حکومت پاکستان کو چاہیے کہ نظام مصطفی ﷺکے نفاذ کے لئے منطقی اقدامات کرے ،نظام مصطفی ؐکو اپنائے بغیر کوئی ملک بھی ترقی نہیں کرسکتا ۔