بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسا نی حقوق پامال کر رہا ہے‘ علی امین گنڈا پور
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے مظاہرین کوگولیاں اور پیلٹ گن کا نشانہ بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفاک بھارتی فوج انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہے اورنہتے کشمیریوں کو روزانہ کی بنیاد پرشہید کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی پر عالمی دنیا اور نام نہاد انسانی حقوق کے علمبدار تنظیموں کی خاموشی قابل افسوس ہے ، انہوں نے عالمی دنیا کی بے حسی پر سوال کیا کہ کیا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی نظر نہیں آرہی جہاں قابض بھارتی فوج انسانیت کے تمام تقاضوں کو بھول کر کشمیریوں پر ظلم و تشدد کے نت نئے ریکارڈ بنا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ انسانیت سوز مظالم سے کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کے حق سے دستبردار کروا لے گا تو یہ اس کی بھول ہے ، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے حق خودارادیت کے پیدائشی حق کے حصول کے لیے لازوال استقامت کا مظائرہ کیا ہے اور اپنی ستر سال کی اس تاریخ میں یہ ثابت کر دیا ہے کہ کسی قسم کی بربریت اور تشدد ان کو اپنے اس جائز حق سے دستبردار نہیں کروا سکتے جس حق کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں مین بھی تسلیم کیا گیا ہے اور پاکستان کشمیریوں کو ان کا یہ جائز حق دلوانے کے لیے اپنی تما م تر سیاسی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔