افغانستان کی تعمیر نو، ترقی کیلئے مد د کرنا چاہتے ہیں: چینی وزیر خارجہ
کابل / بیجنگ (آئی این پی) چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے کہا ہے افغانستان دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر کا اہم ساتھی ہے، چین افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کے لیے مدد کرنا چاہتا ہے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے ریاستی کونسلر اور وزیرخارجہ وانگ ای نے کابل میں افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر وانگ ای نے کہا کہ چین افغانستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے کو عمل میں لا کر فریقین کی حکمت عملی پر مشتمل شراکت دارانہ تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ چین افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت وسرمایہ کاری کو وسعت دینا چاہتا ہے اور افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کے لیے مدد کرنا چاہتا ہے۔ وزیرخارجہ وانگ ای نے دہشت گردتنظیم مشرقی ترکستان اسلامی تحریک کے خلاف اقدامات اٹھانے پر افغانستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین- افغانستان- پاکستان کے وزرائے خارجہ کی دوسری بات چیت میں اتفاق رائے کا نیا سلسلہ شروع کیا گیا۔ چین افغانستان کے ساتھ بات چیت کے ثمرات کو عمل میں لانا چاہتا ہے۔ اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے افغانستان کے اندرونی مصالحتی عمل اور معاشی و سماجی ترقی میں چین کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان چین کیساتھ ٹھوس تعاون، تجارتی حجم اور افرادی تربیت کووسعت دینا چاہتا ہے۔ بعد ازاں چینی وزیرخارجہ وانگ ا ی نے افغان چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبد اللہ سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر افغان چیف ایگزیکٹو نے کہا افغانستان اندرونی سطح پرپرامن عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتا ہے اور پاکستان کے ساتھ مل کر دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔