قرضے اور سو د نے معیشت کو گمبھیر بنا دیا ہے‘ سراج الحق
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام مہنگائی کے سونامی میں غوطے کھا رہے ہیں اور وزراء کو کامیابی کے تمغوں سے نوازا جارہاہے ۔ حکمرانوں نے ہماری آنے والی کئی نسلوں کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دے دیاہے ۔ قرضہ ملنے پر حکمران ایسے خوش ہوتے ہیں جیسے کشمیر فتح کر لیا ہو ۔ جو وزیرخزانہ زیادہ قرضہ لے اسے کامیاب سمجھا جاتاہے ۔ قرضوں اور سودی معیشت سے معاشی مسائل حل ہونے کی بجائے مزید گھمبیر ہوچکے ہیں ۔ 70 سال سے عوام ووٹ دے رہے ہیں ، چہرے بدلتے ہیں مگر نظام وہی رہتاہے ۔جب تک اللہ کے نظام کو نہیں اپنایا جاتا ، پریشانیوں سے نجات نہیں ملے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کوشان رسالت ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مہنگائی سابقہ حکومتوں کے دور میں بھی تھی مگر موجودہ حکومت کے دور میں وہ طوفان سونامی میں بدل چکاہے ۔ اب ہر مزدور ، کسان اور غریب زندہ رہنے کے لیے ہاتھ پائوں مار رہاہے اور ہر پاکستانی بے بسی اور مایوسی کاشکار ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام کے کندھوں پر قرض کا ہمالیہ لاددینا کونسی معاشی ترقی ہے ۔ہمارے حکمرانوں کو کون سمجھائے کہ قرضوں اور سود کی معیشت سے معاشی بہتری نہیں آسکتی معیشت کو درست کرناہے تو اسلام کا سود اور استحصالی معیشت سے پاک معاشی نظام رائج کردیں اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی امیر کسی غریب کا حق نہ مارسکے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران اسلامی فلاحی ریاست کی بات کرتے ہیں مگر تعلیم ، سیاست اور معیشت میں کسی جگہ بھی قرآن و سنت کی تعلیمات کو مد نظر نہیں رکھا جاتا ۔