واقعہ آرمی اسکول قومی سانحہ ہے: نعمان ہاشمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق نائب صدر کراچی نعمان ہاشمی نے کہا ہے کہ آج 16 دسمبر کا دن پاکستانی قوم اپنے معصوم اور ہونہار بچوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی بھول نہیں سکتی‘ 16 دسمبر 2014ء دہشت گردی کی تاریخ کا سیاہ اور بدترین دن تھا جب دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاور پر بزدلانہ حملہ کر کے 150 کے قریب طالب علموں کو شہید اور بڑی تعداد میں زخمی کر دیا تھا انہوں نے کہاکہ ہم زندہ قوم ہیں اور زندہ قوموں کا ایسے واقعات اور دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں سے بلند حوصلے اور مضبوط عزم میں اضافہ ہوتا ہے اور آج ہم ملک اور قوم کے دہشت گردوں اور دشمنوں کو ہر جگہ شکست دے رہے ہیں‘ پاکستان میں ان کے ناپاک عزائم اور کارروائیوں کو ناکام اور ان کی کمر توڑ دی ہے پاکستان قوم اتحاد کی مضبوط ڈور سے بندھی ہے ہماری ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اللہ تعالیٰ ان کو مزید حوصلہ عطا فرمائے اور شہیدوں کے درجات کو مزید بلند فرمائے۔