مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی درندگی۔ فائرنگ سے11 نوجوان شہید 235 زخمی۔ پلوامہ میں 3 افراد کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے جن پر بھارتی فوجیوں نے سیدھی گولیاں چلائیں۔ حریت کانفرنس کی طرف سے 3 روزہ سوگ اور ہڑتال کا اعلان ۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی درندگی اور وحشیانہ کارروائیاں جس طرح مظالم کی آخری حدود کو چھو رہے ہیں۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی طرف سے اس پر خاموشی نہایت افسوسناک ہے۔ گزشتہ روز پلوامہ میں بھارتی فوج نے نہایت سفاکی سے تین نوجوانوں کو شہید کیا اس واقعہ پراحتجاج کرنے والوں پر اندھا دھند گولیاں چلا کر مزید 8 افراد کو نہ صرف شہید کیا بلکہ پیلٹ گنوں کی فائرنگ سے 235 افراد کو شدید زخمی کردیا۔ یہ قتل عام کشمیریوں کی نسل کشی کے مترادف ہے۔ ایسے ہی واقعات اگر کہیں اور رونما ہوتے تو اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اس پر طوفان برپا کر دیتی۔ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق پامال کر رہاہے۔ کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اب اس کا ہاتھ روکنا ہو گا۔ پاکستان آج تک ہر فورم پر مسئلہ کشمیر عالمی برادری کے سامنے نہایت پرزور طریقے سے پیش کرتا چلا آ یاہے کیوں کہ وہ اس مسئلہ کا اہم فریق ہے۔ اب حکومت پاکستان کو مزید فعالیت کے ساتھ بھارت کے مظالم اورمسئلہ کشمیر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے سامنے اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ کشمیریوں پر مصائب اور ابتلا کے دور کا خاتمہ ہو اور یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024