حیدرآباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام خودکش بمبار مارا گیا
حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار)رینجرز نے لطیف آباد نمبر 11 میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی، رینجرز پر دستی بم پھینکنے والا دہشت گرد جوابی فائرنگ میں مارا گیا جو کہ خودکش جیکٹ پہنے ہوئے تھا۔لطیف آباد نمبر 11 میں رینجرز سے مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہو گیا، مبینہ طور پر دہشت گرد امام بارگاہ باب علی میں جمعہ کے اجتماع کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، رینجرز ترجمان کے مطابق ایک موٹرسائیکل پر سوار دو دہشت گرد امانی شاہ کالونی میں امام بارگاہ کی طرف جا رہے تھے کہ جہاں پہلے سے رینجرز کے جوان الرٹ تھے جنہوں نے موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ان میں سے ایک نے ان پر دستی بم پھینکا جس پر رینجرز کے جوانوں نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے ایک دہشت گرد شدیدزخمی ہو گیا اور گر پڑا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی موٹرسائیکل پر فرار ہو گیا، زخمی دہشت گرد موقع پر ہی دم توڑ گیا، رینجرز اور پولیس کی بھاری جمعیت نے علاقے کا محاصرہ کر لیااورسرچ آپریشن کیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیاگیا جس نے جائے وقوعہ کامعائنہ کیا اور شواہد جمع کئے، مارا گیا دہشت گرد خودکش جیکٹ پہنے ہوا تھا جس کو ناکارہ بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی، آرمی پبلک اسکول کے سانحہ کے دو سال مکمل ہونے اور سقوط ڈھاکہ کے المیے کے دن کے موقع پر دہشت گردوں نے حیدرآباد میں خونریزی کی کوشش کی اگر دہشت گرد اپنے ناپاک ارادے میں کامیاب ہو جاتے تو بڑا المیہ رونما ہو سکتا تھا مگر خوش قسمتی سے رینجرزکے جوانوں کی بروقت کارروائی نے اس سازش کو ناکام بنادیا۔حیدرآباد سے نامہ نگار کے مطابق رینجرز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام لطیف آباد یونٹ نمبر11 میں واقع امانی شاہ قبرستان کے قریب تعینات رینجرز نے موٹرسائیکل پر سوار دو مشکوک افراد کو روکنے کا اشارہ کیا تاہم انہوں نے رکنے کے بجائے فائرنگ شروع کردی اور دستی بم حملہ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی رینجرز کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا جب کہ دوسرا فرار ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مارے گئے۔ دہشت گرد کے جسم پرموجود خودکش جیکٹ میں نصب بارودی مواد ناکارہ بنادیا۔ واقعے کے بعد اہلکاروں کی بھاری نفری نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے دیگر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ دہشت گرد علاقے میں موجود امام بارگاہ پر خودکش حملے کی تیاری کررہے تھے۔
حیدرآباد/ دہشت گرد ہلاک