گرفتار ملزموں کے فنگر پرنٹس، تصاویر ریکارڈ مینجمنٹ کا حصہ بنائی جائیں: آئی جی
لاہور(نامہ نگار) آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ کسی بھی جرم میںگرفتار ہونے والے ملزمان کے فنگر پرنٹس اور تصاویر کو ہرصورت کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ کا حصہ بنایا جائے اور سنٹرلائزڈ مانیٹرنگ روم میں موجود ڈیٹا سے فنگر پرنٹس اور تصاویر کی میچنگ کو یقینی بنانے کا مکمل انتظام کیا جائے ، یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں جاری کیں ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبے کے تمام مجرمان کا ڈیٹا جلد از جلد کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں شامل کیا جائے۔ اس پر ڈی آئی جی آئی ٹی شاہد حنیف نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک دو لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد ملزمان کے فنگر پرنٹس ، تصاویر اور دیگر ڈیٹا ریکارڈ کا حصہ بنایا جاچکا ہے۔