عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرنیوالے افسروں کو کھلی چھوٹ نہیں دے سکتے: ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر جی ایم ریلوے جاوید انوار کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد نہ کرنے والے افسروں کو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس محمد قاسم خان نے کیس کی سماعت کی۔ ریلوے کے عارضی ملازمین کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود انہیں مستقل نہیں کیا جا رہا۔ ریلوے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت جی ایم ریلوے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لے۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے احترام کے بغیر عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد ممکن نہیں۔