سکول بس پر فائرنگ سے کنٹرول لائن پر کشیدگی کا نیا دور شروع ہو گا
اسلام آباد (سہیل ناصر) جمعہ کے روز کنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی طرف سے ایک سکول بس پر بزدلانہ حملہ نے اس سازشی تھیوری کو بہرحال غلط ثابت کر دیا ہے کہ راحیل شریف کی سبکدوشی کے ساتھ ہی کنٹرول لائن پر بھارت نے اشتعال انگیزی ختم کر دی ہے۔ کنٹرول لائن پر نہ صرف بھارت کا جارحانہ رویہ برقرار ہے بلکہ پہلی بار سکول بس کو نشانہ بنایا گیا ہے حالانکہ جنگوں کے دوران بھی سکولوں، ہسپتالوں اور سکول کے بچوں کو بچانے کی بھرپور کوشش کی جاتی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوں نے جی ایچ کیو میں منصب سنبھالنے کے فوری بعد گفتگو کرتے ہوئے پراعتماد لہجے میں کہا تھا کہ کنٹرول لائن پر صورتحال جلد درست ہو جائے گی۔ نیا آرمی چیف آنے کے بعد کنٹرول لائن پر خاصا امن رہا جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر اور بعض سیاسی رہنماؤں نے اعلانیہ سوال کرنا شروع کر دیا تھا کہ بھارت اب کیوں اشتعال انگیزی نہیں کر رہا۔ جمعہ کی صبح ایک سکول بس کو نشانہ بنا کر بھارت نے ان رہنماؤں کی تشویش کا ازالہ کر دیا اور یہ واضح بھی کر دیا اس کی فوج خاموش نہیں بیٹھی۔ بھارت کی طرف سے سکول بس کو نشانہ بنانے کے بعد کنٹرول لائن پر کشیدگی کا نیا دور شروع ہو جائے گا کیونکہ پاک فوج بھارت کی ان چوکیوں کو تاک کر نشانہ بنا رہی ہے جہاں سے بس پر فائرنگ کی گئی۔