پی سی بی مارکیٹنگ علاقائی ٹیموں کیلئے سپانسر شپ حاصل کرنے میں ناکام
لاہور( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مارکیٹنگ ٹیم علاقائی ٹیموں کے لیے سپانسر شپ حاصل کرنے میں ناکام، پی ایس ایل کی فرنچائزز کےساتھ بھی ریجنز کو سپانسر کرنے کی ڈیل فائنل نہ ہو سکی۔ کرکٹ بورڈ نے ایک مرتبہ پھر ریجن کے عہدیداروں کو اپنی مدد آپکے تحت سپانسرز تلاش کرنیکی ہدایت کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کرکٹ بورڈ کیطرف سے ریجن کے عہدیداروں کو آئندہ سیزن کے لیے آزادانہ طور پر سپانسر ڈھونڈنے کی ہدایت کی ہے۔ گذشتہ چند ماہ سے پاکستان سپر لیگ کی پانچ فرنچائز لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے مالکان کیساتھ ریجن کی سپانسر شپ کے حوالے سے بات چیت چل رہی تھی لیکن فریقین کے مابین معاملات طے نہیں پا سکے۔ ریجنز عہدیدار اور فرنچائز مالکان متفقہ لائحہ عمل طے کرنے میں ناکام رہے۔ ابتدا میں سپر لیگ انتظامیہ بھی فرنچائزز کو غیر معمولی نرمی اور جھکا کیساتھ ریجن میں کردار دینا چاہتی تھی تاہم اب پی ایس ایل انتظامیہ نے بھی پالیسی تبدیل کر لی ہے۔ اب فرنچائز کے دائرہ کار کا تعین کرنے کےلیے قانون سازی بھی کی جائیگی تاکہ ریجنز، کرکٹ بورڈ اور سپر لیگ فرنچائزز کے مابین ٹکراو¿ کی کیفیت پیدا نہ ہو۔ دوسری طرف لگ بھگ دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کا شعبہ مارکیٹنگ اس حوالے بہتر نتائج دینے میں ناکام رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال ایک فرنچائز نے بڑی سپانسر شپ حاصل کر کے ٹیلنٹ ہنٹ کا بڑا پروگرام کیا تھا اس ٹورنامنٹ کے بعد پی سی بی کے اعلی عہدیداروں نے اپنی مارکیٹنگ ٹیم کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا کہ اگر ایک فرنچائز اسطرح کی سپانسر شپ حاصل کر سکتی ہے تو کرکٹ بورڈ کا شعبہ مارکیٹنگ ایسا کرنے میں ناکام کیوں ہے۔