حکومت سے چاروں مطالبات منوائیں گے: کائرہ
لاہور (آئی این پی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ صرف مولانا فضل الر حمن ہی نہیں (ن) لیگی حکومت بھی نیشنل ایکشن پلان کو جوتی کی نوک پر رکھتی ہے ‘سب کو سازشوں اور احتساب کیلئے صرف پیپلزپارٹی ہی نظر آتی ہے ‘پانامہ لیکس میں شریف خاندان رنگے ہاتھوں پکڑا جا چکا ہے ‘ ہم کسی کا دُم چھلا نہیں بنیں گے بلکہ اپنے فیصلے خود کریں گے، حکومت سے کسی ایک پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے چاروں مطالبات منوائیں گے ، اگر حکومت نے سنجیدگی نہ دکھائی تو بلاول بھٹو 27دسمبر کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جو بڑے احتجاج کی صورت میں بھی ہو سکتا ہے،سانحہ پشاور اور اس جیسے دیگر سانحات کے شہداء کے خون کا بدلہ لینے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالانہ برسی کے سلسلہ میں لاہور سے کارکنوں کے قافلوں کی روانگی کے سلسلہ میں لاہور تنظیم کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عزیز الرحمن چن، نوید چوہدری ، عابد صدیقی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔