ینگ ڈاکٹرز کی جزوی ہڑتال جاری، مریضوں کو مشکلات
لاہور (نیوز رپورٹر) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومتی سنٹرل انڈکشن پالیسی کے خلاف جزوی طور پر ہڑتال جاری ہے جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دوسری جانب حکومتی مشینری ہسپتالوں کے آئوٹ ڈورز میں سینئر ڈاکٹرز کے ذریعے علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کرتی رہی جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے متعین کئے جانے والے مانیٹرنگ افسران اور پروفیسرز، ایم ایس ودیگر انتظامی افسران تمام ہسپتالوں کے آوٹ ڈورز میں علاج اور مانیٹرنگ کے لئے موجود رہے ۔ علاوہ ازیں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں کے محکمہ صحت کے ساتھ رات گئے تک مذاکرات بھی جاری رہے۔ ہڑتال کے باعث جزوی طور پر علاج و معالجہ کا عمل متاثر ہوا اور ڈاکٹرز کی کمی کے باعث مریضوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا تاہم حکومتی اقدامات کے باعث مریضوں کو آوٹ ڈورز میں علاج معالجہ کی سہولتیں سینئر ڈاکٹرز کے ذریعے فراہم کی گئیں۔ علاوہ ازیں مریضوں نے ینگ ڈاکٹرز کے روز روز علاج معالجہ کے بائیکاٹ کے خلاف احتجاج کیا اور وائے ڈی اے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اس ضمن میں مریضوں اور لواحقین کا کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز کو فی الفور ہسپتالوں سے فارغ کردیا جائے اور انکی تنخواہیں بند کر دی جائیں۔