9ویں این ایف سی ایوارڈ کی تشکیل کیلئے اجلاس منگل کو ہوگا
لاہور (احسن صدیق) 9ویں این ایف سی ایوارڈ کی تشکیل کیلئے کمشن کا اجلاس 20 دسمبر (منگل) کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ہوگا۔ وزارت خزانہ پنجاب کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے موصول ہونے والا ایجنڈا دو نکات پر مشتمل ہے جس میں 26 نومبر کو ہونے والے این ایف سی کمشن کے اجلاس کے ’’میٹنگ منٹس‘‘ کی منظوری دی جائے گی اور تینوں صوبوں اور وفاق کے ٹیکنیکل پیپرز کا جائزہ لے کر ان کی سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ 20 دسمبر کے اجلاس کی تیاری کے لئے ایک ہفتہ قبل وزیر خزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی سربراہی میں ایک انٹرنل میٹنگ ہوچکی ہے۔ تاہم مزید جائزہ لینے کے لئے آج ایک اور میٹنگ ہوسکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دسمبر میں 9ویں این ایف سی ایوارڈز کا اعلان ممکن نہیں ہے تاہم اگر تمام صوبے متفق ہوجائیں اور کوئی صوبہ اعتراض نہ کرے تو ممکن ہے کہ جنوری 2017 میں 9ویں این ایف سی ایوارڈ کا اعلان ہوجائے۔