میٹرو منصوبہ: میانی صاحب قبرستان کی اراضی کی قیمت ادا نہ کرنے پر عدالت برہم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے میٹرو بس منصوبے کے لئے میانی صاحب قبرستان کی حاصل کی گئی اراضی کی قیمت ادا نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ڈی جی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ سماعت کے موقع پر عدالتی کمشن نے رپورٹ جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ واپڈا اور لیسکو نے میانی صاحب قبرستان کی ایک کنال تین مرلہ سے زائد اراضی پر 1986ء سے قبضہ کر رکھا ہے۔ عدالت نے غیر قانونی طور پر قبرستان کی زمین استعمال کرنے پر لیسکو کو کمرشل کرایہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے اراضی فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتی حکم پر لیسکو چیف واجد کاظمی نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی۔