لاکھوں کے ڈاکے، مزاحمت پر فائرنگ، تشدد سے 3 خواتین سمیت 6 زخمی
لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا گیا جبکہ ڈاکوئوں نے مزاحمت پر ایک شخص کو فائرنگ کر کے اور 3خواتین سمیت 5افراد کو تشدد کانشانہ بنا کر زخمی کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے موبائل شاپ میں گھس کر ہزاروں روپے اور موبائل فون لوٹنے کے بعد مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے موبائل شاپ کے مالک کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ باٹا پو ر پھماں گائوں میں علی رضا کی حویلی میں خود کو رینجرز اہلکار ظاہر کر کے سرچ آپریشن کے بہانے7ڈاکو گھس آئے۔ ڈاکوؤں نے تمام اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر انہیں تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کردیا اور 22لاکھ روپے مالیت کی نقدی، زیورات و دیگر سامان لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔ اچھرہ شادمان کی رہائشی پروفیسر کوثر پروین کے گھر چھری لے کر ایک ڈاکو گھس آیا اور5لاکھ 82ہزارکی نقدی اور سامان لوٹ کر لے گئے ۔ ڈاکوؤں نے ساندہ میں عمران سے 6لاکھ، شمالی چھائونی میں آصف کے جنرل سٹورسے3ڈاکو 3لاکھ 10ہزار، سندر میں بوٹا سے سوا لاکھ، اقبال ٹائون میں ثاقب سے ایک لاکھ، شادباغ میں عابد سے 90ہزار اور موبائل فون،کاہنہ میں رفیق کی دکان سے 60ہزار اور موبائل فون، چوہنگ میں عثمان سے 35ہزار اور موبائل فون،گرین ٹائون میں سلمان سے 20ہزار اور موبائل فون،قلعہ گجر میں قاسم سے 19 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے رنگ محل سے نوید، لوہاری سے اخلاص، شالیمار سے عثمان،گجر پورہ سے ریاست، ہیئر میں مولانا ہارون، کوٹ لکھپت سے نذیر کی موٹرسائیکلیں چوری کر لیں۔ علاوہ ازیںکیولری گرائونڈ میں جسٹس منظور احمد کی بھانجی کے گھر پولیس وردیوں میں ملبوس مبینہ اہلکاروں نے گھس کر سامان چوری کر لیا۔ جسٹس منظور احمد کی بھانجی اور ان کے خاوند کرنل یاسر نے چند ماہ قبل 13بی لائن 7میں اپنا گھر تیار کرایا، جہاں سامان منتقل کرنے کا عمل جاری تھا جبکہ گھر کی حفاظت کیلئے بٹ مین بھی موجود تھا۔ بٹ مین نماز کی ادائیگی کے لئے مسجد چلا گیا۔ جب واپس آیا تو گھر سے دو سائیکل اور ٹیلی ویژن غائب تھا جبکہ باقی سامان گھر کے صحن کی دیوار کے ساتھ پڑا تھا۔ پولیس نے ساتھ والے گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمر ے کی فوٹیج چیک کی تو ایک پولیس اہلکار گھر کی دیوار پھلانگتے دیکھا گیا جو بعدازاں ٹیلی ویژن لیکر باہر آیا۔ جہاں ٹی وی اس کے دوسرے ساتھی نے پکڑ لیا۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کے گھر کے قریب واقع سابق گورنر کے گھر پر سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے یہ واردات کی ہے۔ جنو بی چھائونی پولیس نے مقد مہ درج کر کے تفتیش شر وع کر دی۔