سانحہ پشاور کے حوالے سے ”پھول“ کے زیر اہتمام مقابلہ کارڈز اور نمائش کا اہتمام
لاہور (خصوصی رپورٹ) اتنے خوبصورت اور بامقصد کارڈز بنا کر نئی نسل نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی زندہ قوم ہیں۔ ۔ ان خیالات کا اظہار معروف سماجی رہنما ابوذر غفاری نے ماہنامہ ”پھول“ اکادمی ادبیات اطفال، گوہر پبلشرز اور کوآپرا آرٹ گیلری کے تعاون سے منعقدہ سانحہ پشاور کے حوالے سے بنائے گئے کارڈز کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک بھر سے طلباءو طالبات نے تقریباً چار سو نہایت خوبصورت کارڈز بنا کر بھجوائے جن کی نمائش کا افتتاح کوآپرا آرٹ گیلری میں کیا گیا۔ نمائش کے بعد یہ کارڈز آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کے والدین اور زخمی بچوں کو بھجوائے جائیں گے۔ ماہنامہ ”پھول“ کے ایڈیٹر، صدر پاکستان چلڈرن میگزین سوسائٹی محمد شعیب مرزا نے کہا کہ اس سے قبل ہم نے زلزلہ سے متاثرین کے لئے کارڈز بنانے کا مقابلہ کروایا تھا۔ اس مرتبہ بھی بچوں نے بڑے خلوص اور جذبے سے سانحہ پشاور کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ تقریب سے معروف آرٹسٹ محمد جاوید ‘ وائس چیئرمین اکادمی ادبیات اطفال حافظ مظفر محسن، کالم نگار حافظ شفیق الرحمن، تنظیم روشن سائے کے چیئرمین رضوان رفیق باجوہ نے بھی خطاب کیا۔ ندیم عالم، منور محی الدین اور امجد نعیم نے منصفین کے فرائض ادا کیے۔ اول انعام نادیہ توقیر، دوم صفہ زہرا ، سوم بینش اشرف چٹھہ جبکہ عثمان اسرار ، منبیہ عروج ، انس توقیر، قاسم یاسین ، مومن فاضل کو خصوصی انعامات اور دعا خان کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔