طیارہ حادثہ میں جاں بحق 4 افراد کی میتیں چترال پہنچا دی گئیں‘ ایک نوجوان دینہ میں سپردخاک
اسلام آباد + دینہ (آئی این پی+ نامہ نگار) طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی میتیں سی ون 30 کے ذریعے چترال پہنچا دی گئیں جبکہ طیارہ کے حادثے میں جاں بحق ایک نوجوان کو دینہ میں سپردخاک کر دیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد کی میتیں سی ون 30 کے ذریعے چترال پہنچا دی گئیں۔ خصوصی طیارے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین بھی موجود تھے۔ چترال ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ، ضلعی انتظامیہ اور جاں بحق افراد کے اہلخانہ موجود تھے،چترال سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کی میتیں شناخت کے بعد روانہ کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونیوالا دینہ کا 24 سالہ نوجوان نعمان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ایم پی اے مہر محمد فیاض، ڈی سی او جہلم محمد اقبال خان سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، نوجوان کی میت جب گھر سے اُٹھی تو کہرام مچ گیا عزیزو اقارب دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ دینہ کا 24 سالہ نوجوان نعمان شفیق جوکہ بیرون ملک سے آئے ہوئے اپنے بڑے بھائی محمد عقیل کو ملنے گھر آ رہا تھا کہ حادثہ کا شکار ہو گیا نوجوان چترال میں الیکٹرک انجینئر تھا اور 5 ماہ سے ڈیوٹی سر انجام سے رہا تھا۔ نوجوان نعمان شفیق کے ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد میت ورثا ءکے حوالے کی گئی میت 9 روز بعد جمعہ کی صبح آبائی گاﺅں ہڈالی دینہ پہنچی جس کی نماز جنازہ دن اڑھائی بجے ادا کی گئی۔ بعد ازاں نوجوان کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر سکیو رٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
میتیں چترال