صرف کشمیر ہی نہیں محصورین مشرقی پاکستان کی واپسی بھی ضروری ہے‘ آفاق احمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجرقومی موومنٹ( پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے اورنگی ٹاﺅن سے آنے والے بزرگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سقوط ڈھاکہ پاکستانی تاریخ کا وہ اندوہناک سانحہ ہے جس کا درد جب تک پاکستان قائم ہے ہر شخص اپنے دل میں محسوس کرتا رہے گا ،اگر اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ اور حکمرانوں نے دانشمندی سے فیصلے کرتے ہوئے ” اِدہر ہم اُدہر تم“ کا نعرہ نہ لگایا ہوتا تو ہمیں اپنا بازو کھونا پڑتا نہ ہزاروں محصورین مشرقی پاکستان اب تک کیمپوں میں محصوروں جیسی گذاررہے ہوتے ۔آفاق احمد نے کہا کہ حمود الرحمٰن کمیشن کی رپورٹ ہو یا ایک دوسرے پر الزام دھرنے کی کوشش ! اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ ہمارے حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشی نے دو قومی نظریہ پر ضرب لگائی اور چند سال کے اقتدار کیلئے ملک کو دو لخت کردیا ،اگر ایک لمحے کیلئے بھارتی سازشوں کا جواز مان بھی لیا جائے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان سازشوں کو پنپنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کیوں کیا گیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ تکمیل پاکستان کیلئے صرف کشمیر ہی نہیں محصورین مشرقی پاکستان کی واپسی بھی ضروری ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جن لوگوں نے محصورین مشرقی پاکستان کی واپسی کے نام پر سیاست کی اور ووٹ لئے انہوں نے انکی جانب دیکھنا تک گوارا نہیں کیا اور جب ہم نے انہیں اپنے خرچ پر پاکستان لانے کی بات کی تو متعلقہ اداروں کو سانپ سونگھ گیااس لئے مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ محصورین مشرقی پاکستان کے نام پر صرف سیاست چمکائی جارہی ہے ۔آفاق احمد نے کہا کہ بنگلہ دیش کے چوالیس کیمپوں میں محصور پاکستانی بھائیوں کی واپسی کے تمام اخراجات اٹھانے کیلئے تیار ہیں ،متعلقہ ادارے تعاون کریں ۔
آفاق احمد