کراچی سٹاک ایکس چینج میں مندا‘ انڈیکس 9253 پوائنٹس پر آ گیا‘ سرمایہ کاروں کو 3 ارب روپے کا خسارہ
کراچی+ لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج میں مندا۔ کے ایس ای 100انڈیکس 12.38پوائنٹس کی معمولی کمی پر 9253.66 پر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق بینکوں کی لیکوڈٹی کی قلت‘ بعض کمپنیوں کے مالیاتی نتائج میں تاخیر اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے موجود نہ ہونے کے باعث سرمایہ کاروں نے دوسرے روز بھی بینکنگ‘ آئل اینڈگیس‘ ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹرز سمیت بیشتر حصص کی خریداری سے ان سائیڈ ہو کر حصص کی کم داموں فروخت کو جاری رکھ کر اپنے پھنسے ہوئے سرمایہ کے حصول میں سرگرداں پائے گئے۔ اس طرح ہفتے کے دوسرے روز بھی حصص کی مجموعی مارکیٹ مالیت میں سرمایہ کاروں کو مزید 3ارب 4کروڑ 27لاکھ ایک ہزار 381روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑا جس سے مجموعی سرمایہ کاری گھٹ کر 26کھرب 67ارب 33کروڑ 81لاکھ 8ہزار 967روپے رہ گئی۔ مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار 391 کمپنیوں تک محدود رہا اس میں 163 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ‘201 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 27 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کامرس رپورٹر کے مطابق لاہور سٹاک ایکسچینج میں بدھ کو ملا جلا رجحان رہا۔ مجموعی طور پر 94 کمپنیوں کا کاروبار ہوا 28 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ 33 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 33 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈکس میں 2.20 پوائنٹس کی کمی ہوئی جو مارکیٹ کے اختتام پر 2844.98 پوائنٹس رہا۔ مارکیٹ میں کل 12303076 حصص کا کاروبار ہوا۔ آئی سی آئی کے حصص کی قیمت 5.33 روپے بڑھ گئی جبکہ ایم سی بی بنک کے حصص کی قیمت 1.74 روپے کم ہو گئی۔