آرمی چیف کا ریٹائرڈ فوجی افسران  اور جوانوں سے خطاب

Aug 17, 2024

اداریہ

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر عوام اور مسلح افواج میں خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یوم آزادی پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ریٹائرڈ فوجی افسران کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا۔ تقریب میں ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، تقریب میں آرمی چیف نے شر پسند عناصر کی طرف سے جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کی ذریعے عوام اور فوج میں خلیج پیدا کر نے کی کوششوں سے خبردار رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ ریٹائرڈ فوجی افسران و جوانوں اور قوم کی غیر متزلزل حمایت سے ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ اس موقع پر ریٹائرڈ افسران و جوانوں نے پاک فوج کی قیادت پر اعتماد اور یقین کا اظہار کرتے ہوئے بیرونی و داخلی سکیورٹی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ تقریب کا مقصد پاک فوج کی حاضر اور ریٹائرڈ قیادت میں مضبوط تعلق کو ظاہر کرنا اور یہ بتانا تھا کہ ریٹائرڈ افسران و جوان ملک کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے متحد ہیں۔ ملکی دفاع اور سالمیت کا یہی تقاضا ہے کہ متحد ہو کر شر پسندوں کا مقابلہ کیا جائے۔ یہ شر پسند عناصر ہرگز محب وطن نہیں ہوسکتے جو دشمن کے ایجنڈے کو تقویت پہنچا کر ملکی دفاع کے ضامن ادارے اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان اس وقت جن مسائل کا شکار ہے ان کے حل کے لیے حکمت عملی اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت تو ہے ہی لیکن ساتھ ہی ساتھ اس جانب توجہ دینے کی بھی ضرورت ہے کہ ہمارے بہت سے مسائل اس تفریق کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں جس کی بنیاد پر لوگ مختلف دھڑوں میں بٹ کر ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس مشکل دور میں عوام کو باہمی اختلافات بھلا کر متحد ہونا چاہیے اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں