
ترجمان محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ کاشتکارآلو کی موسم خزاں کی فصل کی برداشت شروع کردیں ،جبکہ آلو پاکستان کی اہم ترین فصل ہے جس کو مکمل غذا بھی تصورکیاجاتا ہے، کیونکہ اس میں نشاستہ' وٹامن'معد نی نمکیات 'لحمیات بھرپورمقدارمیں پائی جاتی ہیں۔انہوںنے''اے پی پی''کو بتایا کہ فصل کی برداشت سے5سے7روز قبل آلوکی بیلیں کاٹ دینی چاہئیں، تاکہ انہیں وائرس پھیلانے والے کیڑوں سے بچایاجاسکے اور اس کا چھلکا بھی سخت ہوجائے۔ انہوں نے بتایا کہ آلو کی بیلیں کاٹنے کا سب سے اہم فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اس کی جلد سخت ہوجاتی ہے اور وہ کولڈ سٹوریج میں زیادہ دیر تک ذخیرہ کرنے کے باوجود گلنے سے محفوظ رہتاہے۔ انہوں نے کہا کہ آلوکی برداشت صبح کے وقت کی جائے جب درجہ حرارت مقابلتا کم ہو۔انہوں کہاکہ زیادہ درجہ حرارت میں آلوکے خراب ہونے کا امکان زیادہ ہوتاہے۔