پنجاب میں وبائی امراض کی روک تھام کنٹرول سنٹر بنائے جائیں گے:صوبائی وزیر صحت
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدسے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں عالمی ادارہ صحت کے ہیڈ آف پاکستان مشن ڈاکٹرپالیتھاماہیپالا نے ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری صحت کیپٹن(ر)محمد عثمان یونس،ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیر،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عاصم،ڈاکٹر جمشیدودیگر افسران بھی موجودتھے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد اور عالمی ادارہ صحت کے ہیڈ آف پاکستان مشن ڈاکٹرپالیتھا ماہیپالا کے درمیان باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال ہوا۔
ڈاکٹریاسمین راشدنے ملاقات میں ڈاکٹر پالیتھاماہیپالا کووبائی امراض کی روک تھام کیلئے مربوط حکمت عملی پر بریفنگ دی اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں وبائی امراض کی روک تھام کنٹرول سنٹر بنائے جائیں گے۔کنٹرول سنٹر کے افسران و ملازمین کی عالمی ادارہ صحت کے ماہرین سے تربیت کروائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وبائی امراض کی روک تھام کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کا شعبہ قائم کیاجائیگا۔
صوبہ بھرمیں وبائی امراض پر قابوپانے کیلئے عالمی سطح پر مختلف طبی تنظیموں سے استفادہ کیاجائیگا۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے محکمہ صحت کے پراجیکٹ کو سراہنے اور خصوصی فنڈز مختص کرنے پر بے حدشکرگزارہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ہیڈ آف پاکستان مشن ڈاکٹر پالیتھاماہیپالانے محکمہ پنجاب کو وبائی امراض پر قابوپانے کیلئے مربوط حکمت عملی تیارکرنے پرسراہا۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت وبائی امراض کی روک تھام کے پرواگرام کیلئے حکومت پنجاب کیلئے آغاز میں ایک لاکھ ڈالرزکے فنڈز مختص کرے گا۔
عالمی ادارہ صحت وبائی امراض کی روک تھام کے سلسلہ میں محکمہ صحت کے پراجیکٹ کی مکمل حمایت اور معاونت کرے گا۔ڈاکٹرپالیتھاماہیپلا نے کہا کہ پراجیکٹ کے ٹیکنیکل سٹاف کی امریکہ میں تربیت کروائی جائے گی۔پاکستان میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے ایک مربوط حکمت عملی انتہائی اہم ہے۔