پاکستان عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا سفر طے کر رہا ہے :صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ ن
خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کے صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ تعمیر وطن کے جذبوں کو اجاگر کرکے پاکستان کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنے اور اس کے قیام کے مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد ہمارا مشن ہے۔ ہمیں اپنے اندر آج وہی جذبات، جو ش اور عزم و ہمت پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو تحریک پاکستان کے دوران ہمارے اسلاف کا خاصہ تھے۔
پاکستان تحریک پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں یہی سفر طے کر رہی ہے جس کی منزل ریاست مدینہ ہے اور اسی منزل کے حصول کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے بے شمار قربانیاں دی تھیں۔ قرآن مجید اور فرامین مصطفے ﷺ کو رہبر و راہنماء بنا کر ہی ہم اس منزل کو حاصل کر سکتے ہیں اور پی ٹی آئی کی حکومت اس کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔
انہو ں نے ان خیالات کا اظہار یونین کونسل 20 میں فراہمی آب کیلئے نئے تعمیر ہونے والے ٹیوب ویل کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقے کے عوامی نمائندوں، معززین اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ راجہ راشد حفیظ کا کہنا تھا کہ بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ہم سب کو اپنا محاسبہ کرنا چائییے اور سیاسی، فقہی اور ہر قسم کی علاقائی و گروہی تقسیم سے بالاتر ہو کر ایسی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے جو کسی تعصب میں ڈوبی ہوئی نہ ہو اور پاکستان کیلئے کام کرنے والوں کے ہاتھ مضبوط کرے.
اس موقع پر اہل علاقہ نے صوبائی وزیر کو اپنے علاقے کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ صحت، تعلیم، پینے کا صاف پانی، سڑکوں و گلیوں کی درستگی و تعمیر عوام کے بنیادی حقوق ہیں جن پر ہماری حکومت پوری توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ماحول کی آلودگی کو ختم کرنا اور پاکستان کو سرسبز و شادات بنانا بھی ہمارا مشن ہے جس میں عوام الناس کو اپنے حصے کا کردار پورے خلوص کے ساتھ ادا کرنا چائیے.
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی کے شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے متعدد منصوبے زیر عمل ہیں۔ نالہ لئی ایکسپریس وے کی تعمیر کیلئے ہم سیاسی نعرے لگانے کا بجائے عملی کام کر رہے ہیں اور اس منصوبے کی تکمیل سے عوام الناس کو ہمہ جہت سہولیات میسر ہونگی۔ یونین کونسل 20 کے مقامی عوامی نمائندوں، معززین اور عوام الناس نے راجہ راشد حفیظ کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے فراہمی آب کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا۔
٭٭٭٭٭