کراچی کی ترقی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے‘ وزیر بلدیات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر اسد عمر کے مابین ہونے والی ملاقات میں ترقیاتی کاموں اوراس سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ان کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کا تعلق ہے ، اجلاس میں ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ناصر شاہ نے بتایا کہ شہر کراچی میں ، صوبائی ایجنسیوں کے علاوہ وفاقی حکومت کی مختلف ایجنسیاں جیسے کنٹونمنٹ ، ڈی ایچ اے ، کے پی ٹی کام کر رہی ہیں۔ لہٰذا جب کوئی اسکیم یا پروجیکٹ شروع ہوتا ہے تو مختلف رکاوٹیں سامنے آتی ہیں ، اسی وجہ سے وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے کابینہ کے اراکین کے ساتھ وفاقی وزیر اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کی تاکہ راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے طریقے کار وضع کیے جاسکیں۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر اسد عمر کے مابین شہر میں ترقیاتی کاموں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک اجلاس بلایا تھا۔ اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر شاہ ، وزیر محنت سعید غنی ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل افضل ، میئر کراچی وسیم اختر و دیگر نے شرکت کی۔ناصر شاہ نے بتایا کہ سیلابی نالوں سے کیچڑ نکالنے ، لینڈ فل سائٹس پر کیچڑ کو ڈمپ کرنا ، نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ ، اسکیموں کی تکمیل جیسے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر بلدیات نے شہر میں ترقیاتی کاموں کے لئے کسی بھی کمیٹی کی تشکیل کی واضح طور پر تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے جس کے لیے ہم پوری کوشش کر رہے ہیں۔