عمران خان اپنی ناکامیوں کا اعتراف کریں اور گھر جائیں: پیپلز پارٹی
حیدرآباد (نامہ نگار)مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر وزارت خارجہ کی ناکامی عمران خان حکومت کی ناکامی ہے، عمران خان اپنی ناکامیوں کا اعتراف کریں اور گھر جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وزارت خارجہ کے افسران پر ناکامیوں کا الزام لگا نہیں سکتی، وزیر خارجہ ہر معاملے میں خود کو چئمپین سمجھتے ہیں وہ اب اپنے ہی ساتھی وزیر کا جواب دیں، حکومت پہلے اپنی ناکامیوں کا الزام گذشتہ حکومتوں پر ڈالتی تھی اب محکموں پر ڈال رہی ہے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ اسد عمر بھی عمران خان کے چئمپین تھے اور وہ بھی ناکام ہو گئے ہیں، خان صاحب کے دوسرے چئمپین شاہ محمود قریشی کی ناکامی کا اعتراف خود وفاقی وزراء کر رہے ہیں ، کشمیر جیسے حساس معاملے پر ناکامی کے بعد بھی کیا وزیر خارجہ کو عہدے پر رہنا چاہئے ؟۔ انہوں نے کہا کہ خو د ہر فن مولا سمجھنے والے وزیرخارجہ کو جو ذمہ داری ملی انہوں نے وہ بھی ادا نہیں کی، چینی، آٹا ،پیٹرولیم یا بجلی ہو حکومت نے ہر بحران محمکوں پر ڈال دیا،ہے اگر افسران نے ہی کو ملک چلانا ہے تو پھر وزراء اور حکومت کیا کرنے بیٹھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب اس بات کا اعتراف کریں کہ نہ ان کی تیاری تھی اور نہ ان میں بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت ہے۔